662. حضرت رافع بن رفاعہ (رض) کی حدیث

【1】

حضرت رافع بن رفاعہ (رض) کی حدیث

طارق بن عبدالرحمن (رح) کہتے ہیں کہ ایک مرتبہ حضرت رافع بن رفاعہ (رض) انصار کی ایک مجلس میں آئے اور کہنے لگے کہ آج نبی کریم ﷺ نے ہمیں ایک ایسی چیز سے منع فرمادیا ہے جو معاشی اعتبار سے ہمارے لئے فائدہ مند تھی نبی کریم ﷺ نے ہمیں زمین کو کرائے پر دینے سے منع کیا ہے اور فرمایا ہے کہ جس شخص کے پاس کچھ زمین ہو اسے چاہئے کہ وہ اس میں خود کھیت اور فصل لگائے یا اپنے بھائی کو لگوادے یا اسے یونہی پڑا رہنے دے اور سینگی لگانے والے کی کمائی سے منع کرتے ہوئے ہمیں حکم دیا ہے کہ وہ اپنے جانوروں کو کھلادیں، نیز باندی کی جسم فروشی کی کمائی سے بھی منع کیا ہے الاّ یہ کہ وہ اپنے ہاتھ سے کوئی کام کرتی ہو اور انگلیوں سے اشارہ کرکے بتایا مثلاً روٹی پکانا، سینا پرونا اور بیل بوٹے بنانا۔