7. حضور اقدس (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے ُسرمہ کا بیان

【1】

حضور اقدس ﷺ کے ُسرمہ کا بیان

ابن عباس (رض) فرماتے ہیں، کہ حضور اقدس ﷺ سونے سے قبل ہر آنکھ میں تین سلائی اثمد کے سرمہ کی ڈالا کرتے تھے اور ایک روایت میں ابن عباس ہی سے منقول ہے کہ حضور اقدس ﷺ کے پاس ایک سرمہ دانی تھی۔ جس سے سونے کے وقت تین تین سلائی آنکھ میں ڈالا کرتے تھے۔

【2】

حضور اقدس ﷺ کے ُسرمہ کا بیان

حضرت جابر (رض) فرماتے ہیں، کہ حضور اقدس ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ اثمد کا سرمہ ضرور ڈالا کرو۔ وہ نگاہ کو روشن بھی کرتا ہے اور پلکیں بھی خوب اگاتا ہے۔

【3】

حضور اقدس ﷺ کے ُسرمہ کا بیان

ابن عباس (رض) فرماتے ہیں کہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ نے یہ ارشاد فرمایا کہ تمہارے سب سرموں میں سرمہ اثمد بہترین سرمہ ہے آنکھ کو بھی روشنی پہنچاتا ہے اور پلکیں بھی اگاتا ہے۔

【4】

حضور اقدس ﷺ کے ُسرمہ کا بیان

حضرت عبداللہ بن عمر (رض) نے بھی حضور اقدس ﷺ سے یہی نقل کیا کہ اثمد ضرور ڈالا کرو وہ نگاہ کو بھی روشن کرتا ہے پلکیں بھی اگاتا ہے۔