50. حضور اقدس (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے بعض نام اور بعض القاب کا ذکر

【1】

حضور اقدس ﷺ کے بعض نام اور بعض القاب کا ذکر

جبیر بن مطعم (رض) کہتے ہیں کہ حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ میرے بہت سے نام ہیں منجملہ ان کے محمد اور احمد ہے اور ماحی ہے جس کے معنی مٹانے والے کے ہیں حق تعالیٰ شانہ نے میرے ذریعے کفر کو مٹایا ہے اور ایک نام حاشر ہے کہ حق تعالیٰ شانہ قیامت میں حشر کے لئے سب سے پہلے آپ ﷺ کو اٹھائیں گے اور تمام امت حضور اکرم ﷺ کے بعد حشر کی جائے گی۔ اور اٹھائی جائے گی۔ تو گویا حضور ﷺ تمام امت کے حشر کا سبب بنے اور ایک نام میرا عاقب ہے جس کے معنی پیچھے آنے کے ہیں۔ حضور اقدس ﷺ سب انبیاء سے پیچھے تشریف لائے ہیں آپ ﷺ کے بعد کوئی نہیں آئے گا۔

【2】

حضور اقدس ﷺ کے بعض نام اور بعض القاب کا ذکر

حذیفہ (رض) کہتے ہیں کہ ایک مرتبہ میں حضور اقدس ﷺ سے راستہ میں ملا۔ حضور اکرم ﷺ تشریف لے جا رہے تھے تذکرةً حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ میرا نام محمد ہے اور احمد اور نبی الرحمہ ہے اور نبی التوبہ ہے اور میں مقفی ہوں اور حاشر ہوں اور نبی ملاحم ہوں۔