4. حضور اقدس (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے بالوں میں کنگھا کرنے کا بیان۔

【1】

حضور اقدس ﷺ کے بالوں میں کنگھا کرنے کا بیان۔

حضرت عائشہ (رض) فرماتی ہیں کہ میں حضور اقدس ﷺ کے بالوں میں کنگھا کرتی تھی، حالانکہ میں حائضہ ہوتی تھی۔

【2】

حضور اقدس ﷺ کے بالوں میں کنگھا کرنے کا بیان۔

حضرت انس (رض) فرماتے ہیں، کہ حضور اقدس ﷺ اپنے سر مبارک پر اکثر تیل کا استعمال فرماتے تھے اور اپنی داڑھی مبارک میں اکثر کنگھی کیا کرتے تھے۔ اور اپنے سر مبارک پر ایک کپڑا ڈال لیا کرتے تھے جو تیل کے کثرت استعمال سے ایسا ہوتا تھا جیسے تیلی کا کپڑا ہو۔

【3】

حضور اقدس ﷺ کے بالوں میں کنگھا کرنے کا بیان۔

حضرت عائشہ (رض) فرماتی ہیں کہ حضور اقدس ﷺ اپنے وضو کرنے میں، کنگھی کرنے میں، جوتا پہننے میں (غرض ہر امر میں) دائیں کو مقدم رکھتے تھے، یعنی پہلے دائیں جانب کنگھا کرتے پھر بائیں جانب۔

【4】

حضور اقدس ﷺ کے بالوں میں کنگھا کرنے کا بیان۔

عبداللہ مغفل (رض) فرماتے ہیں، کہ حضور اقدس ﷺ کنگھی کرنے کو منع فرماتے تھے۔ مگر گاہے بگاہے۔

【5】

حضور اقدس ﷺ کے بالوں میں کنگھا کرنے کا بیان۔

حمید بن عبدالرحمن ایک صحابی سے نقل کرتے ہیں کہ حضور ﷺ گاہے بگاہے کنگھی کیا کرتے تھے۔