26. حضورِ اقدس (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے سالن کا ذکر

【1】

حضورِ اقدس ﷺ کے سالن کا ذکر

حضرت عائشہ (رض) فرماتی ہیں کہ حضور اقدس ﷺ نے ایک مرتبہ فرمایا کہ سرکہ بھی کیسا اچھا سالن ہے۔

【2】

حضورِ اقدس ﷺ کے سالن کا ذکر

نعمان بن بشیر (رض) کہتے ہیں کہ کیا تم کھانے پینے کی خاطر خواہ نعمتوں میں نہیں ہو حالانکہ میں نے حضور اقدس ﷺ کو دیکھا کہ ان کے ہاں معمولی قسم کی کھجوروں کی مقدار نہ ہوتی تھی کہ جس سے شکم سیر ہوجائے۔

【3】

حضورِ اقدس ﷺ کے سالن کا ذکر

حضرت جابر (رض) بھی نقل کرتے ہیں کہ حضور اقدس ﷺ نے یہ ارشاد فرمایا کہ سرکہ بھی کیا ہی اچھا سالن ہے

【4】

حضورِ اقدس ﷺ کے سالن کا ذکر

زہدم کہتے ہیں کہ میں حضرت ابوموسیٰ اشعری (رض) کے پاس تھا ان کے پاس کھانے میں مرغی کا گوشت آیا مجمع میں سے ایک آدمی پیچھے ہٹ گیا ابوموسیٰ نے اس سے ہٹنے کی وجہ دریافت کی اس نے عرض کیا کہ میں نے مرغی کو گندگی کھاتے دیکھا ہے اس لئے میں نے مرغی نہ کھانے کی قسم کھا رکھی ہے۔ حضرت ابوموسیٰ نے فرمایا کہ آؤ اور بےتکلف کھاؤ میں نے خود حضور اقدس ﷺ کو مرغی کا گوشت نوش فرماتے دیکھا اگر ناجائز یا ناپسند ہوتی تو حضور ﷺ کیسے تناول فرماتے۔

【5】

حضورِ اقدس ﷺ کے سالن کا ذکر

سفینہ (رض) کہتے ہیں کہ میں نے حضور اکرم ﷺ کے ساتھ حباری کا گوشت کھایا ہے۔

【6】

حضورِ اقدس ﷺ کے سالن کا ذکر

زہدم کہتے ہیں کہ ہم ابوموسیٰ اشعری (رض) کے پاس تھے ان کے پاس کھانا لایا گیا۔ جس میں مرغی کا گوشت بھی تھا مجمع میں ایک آدمی قبیلہ بنو تیم کا بھی تھا جو سرخ رنگ کا تھا، بظاہر آزاد شدہ غلام معلوم ہوتا تھا۔ اس نے یکسوئی اختیار کی ابوموسیٰ نے اسے متوجہ ہونے کو کہا اور آنحضرت ﷺ کے مرغی تناول فرمانے کا ذکر فرمایا اس نے عذر کیا کہ میں نے اس کو کچھ ایسی ہی چیز کھاتے دیکھا جس کی وجہ سے مجھے اس سے کراہت آتی ہے اس لئے میں نے اس کے نہ کھانے کی قسم کھا رکھی ہے۔

【7】

حضورِ اقدس ﷺ کے سالن کا ذکر

ابو اسید (رض) کہتے ہیں کہ حضور اقدس ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ زیتون کا تیل کھانے میں بھی استعمال کر اور مالش میں بھی اس لئے کہ بابرکت درخت کا تیل ہے۔

【8】

حضورِ اقدس ﷺ کے سالن کا ذکر

حضرت عمر (رض) بھی ارشاد نقل کرتے ہیں کہ حضور اقدس ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ زیتون کا پھل کھاؤ اور مالش کرو اس لئے کہ وہ مبارک درخت سے پیدا ہوتا ہے

【9】

حضورِ اقدس ﷺ کے سالن کا ذکر

حضرت انس (رض) فرماتے ہیں کہ حضور اقدس ﷺ کو کدو مرغوب تھا ایک مرتبہ حضور ﷺ کے پاس کھانا آیا حضور ﷺ کسی دعوت پر تشریف لے گئے (راوی کو شک ہے کہ یہ قصہ کس موقع کا ہے) جس میں کدو تھا چونکہ مجھے معلوم تھا کہ حضور ﷺ کو یہ مرغوب ہے اس لئے اس کے قتلے ڈھونڈ کر میں حضور ﷺ کے سامنے کردیتا تھا۔

【10】

حضورِ اقدس ﷺ کے سالن کا ذکر

جابر بن طارق (رض) کہتے ہیں کہ میں حضور اقدس ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا تو کدو کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کئے جا رہے تھے۔ میں نے عرض کیا کہ اس کا کیا بنے گا۔ فرمایا کہ اس سے سالن میں اضافہ کیا جائے گا۔

【11】

حضورِ اقدس ﷺ کے سالن کا ذکر

حضرت انس (رض) فرماتے ہیں کہ ایک درزی نے حضور اقدس ﷺ کی ایک مرتبہ دعوت کی میں بھی حضور ﷺ کے ساتھ حاضر ہوا اس نے حضور ﷺ کی خدمت میں جو کی روٹی اور کدو گوشت کا شوربا پیش کیا۔ میں نے حضور ﷺ کو دیکھا کہ پیالہ کی سب جانبوں سے کدو کے ٹکڑے تلاش فرما رہے تھے۔ اس وقت سے مجھے کدو مرغوب ہوگیا۔

【12】

حضورِ اقدس ﷺ کے سالن کا ذکر

حضرت عائشہ (رض) فرماتی ہیں کہ حضور اقدس ﷺ کو میٹھا اور شہد بےانتہا پسند تھا۔

【13】

حضورِ اقدس ﷺ کے سالن کا ذکر

حضرت ام سلمہ (رض) فرماتی ہیں کہ انہوں نے پہلو کا بھنا ہوا گوشت حضور ﷺ کی خدمت میں پیش کیا حضور ﷺ نے تناول فرمایا اور پھر بلا وضو کئے نماز پڑھی۔

【14】

حضورِ اقدس ﷺ کے سالن کا ذکر

عبداللہ بن حارث (رض) کہتے ہیں کہ ہم نے حضور اقدس ﷺ کے ساتھ بھنا ہوا گوشت مسجد میں کھایا۔

【15】

حضورِ اقدس ﷺ کے سالن کا ذکر

مغیرہ بن شعبہ کہتے ہیں کہ میں ایک رات حضور ﷺ کے ساتھ مہمان ہوا کھانے میں ایک پہلو بھنا ہوا لایا گیا۔ حضور ﷺ چاقو لے کر اس میں سے کاٹ کاٹ کر مجھے مرحمت فرما رہے تھے اسی دوران میں حضرت بلال نے آ کر نماز کی تیاری کی اطلاع دی۔ حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ خاک آلود ہوں اس کے دونوں ہاتھ۔ کیا ہوا اس کو کہ ایسے موقع پر خبر کی اور پھر چھری رکھ کر نماز کے لئے تشریف لے گئے۔ مغیرہ کہتے ہیں کہ دوسری بات میرے ساتھ یہ پیش آئی کہ میری مونچھ بہت بڑھ رہی تھی۔ حضور ﷺ نے فرمایا کہ لاؤ مسواک پر رکھ کر ان کو کتر دوں یا یہ فرمایا کہ مسواک پر رکھ کر ان کو کتر دو ۔ راوی کو الفاظ میں شک ہے کہ کیا لفظ فرمائے ؟

【16】

حضورِ اقدس ﷺ کے سالن کا ذکر

ابوہریرہ (رض) فرماتے ہیں کہ حضور اقدس ﷺ کی خدمت میں کہیں سے گوشت آیا۔ اس میں سے دست (یعنی بونگ) حضور ﷺ کے سامنے پیش ہوا۔ حضور ﷺ نے اس کو دانتوں سے کاٹ کر تناول فرمایا (یعنی چھری وغیرہ سے نہیں کاٹا) ۔

【17】

حضورِ اقدس ﷺ کے سالن کا ذکر

حضرت ابن مسعود (رض) فرماتے ہیں کہ حضور اقدس ﷺ کو ذراع یعنی دست کا گوشت مرغوب تھا اور اسی میں حضور اقدس ﷺ کو زہر دیا گیا۔ گمان یہ ہے کہ یہود نے زہر دیا تھا۔

【18】

حضورِ اقدس ﷺ کے سالن کا ذکر

ابو عبیدہ بن الجراح (رض) کہتے ہیں کہ میں نے حضور اقدس ﷺ کے لئے ہانڈی پکائی، چونکہ آقائے نامدار علیہ الصلوہ والسلام کو بونگ کا گوشت زیادہ پسند تھا اس لئے میں نے ایک بونگ پیش کی۔ پھر حضور ﷺ نے دوسری طلب فرمائی، میں نے دوسری پیش کی۔ پھر حضور ﷺ نے تیسری طلب فرمائی، میں نے عرض کیا یا رسول اللہ ﷺ بکری کی دو ہی بونگیں ہوتی ہیں۔ حضور ﷺ نے فرمایا اس ذات کی قسم جس کے قبضہ قدرت میں میری جان ہے اگر تو چپ رہتا تو میں جب تک مانگتا رہتا، اس دیگچی سے بونگیں نکلتی رہتیں۔

【19】

حضورِ اقدس ﷺ کے سالن کا ذکر

حضرت عائشہ (رض) فرماتی ہیں کہ بونگ کا گوشت کچھ لذت کی وجہ سے حضور ﷺ کو زیادہ پسند نہ تھا، بلکہ گوشت چونکہ گاہے گاہے پکتا تھا اور یہ جلدی گل جاتا ہے اس لئے حضور ﷺ اس کو پسند فرماتے تھے، تاکہ جلدی سے فارغ ہو کر اپنے مشاغل میں مصروف ہوں۔

【20】

حضورِ اقدس ﷺ کے سالن کا ذکر

عبداللہ بن جعفر (رض) کہتے ہیں کہ حضور اقدس ﷺ نے ارشاد فرمایا پیٹھ کا گوشت بہترین گوشت ہے۔

【21】

حضورِ اقدس ﷺ کے سالن کا ذکر

حضرت عائشہ (رض) فرماتی ہیں کہ حضور اقدس ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ سرکہ بہترین سالن ہے۔

【22】

حضورِ اقدس ﷺ کے سالن کا ذکر

حضرت ام ہانی (رض) (حضور اقدس ﷺ کی چچا زاد بہن) فرماتی ہیں کہ حضور اقدس ﷺ (فتح مکہ میں) میرے پاس تشریف لائے اور یہ فرمایا کہ تیرے پاس کچھ کھانے کو ہے ؟ میں نے عرض کیا کہ سوکھی روٹی اور سرکہ، حضور اقدس ﷺ نے فرمایا کہ لے آؤ وہ گھر سالن سے خالی نہیں جس میں سرکہ نہ ہو۔

【23】

حضورِ اقدس ﷺ کے سالن کا ذکر

ابو موسیٰ اشعری (رض) فرماتے ہیں کہ حضور اقدس ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ عائشہ کی فضیلت تمام عورتوں پر ایسی ہے جیسے کہ ثرید کی فضیلت تمام کھانوں پر۔

【24】

حضورِ اقدس ﷺ کے سالن کا ذکر

حضرت انس (رض) فرماتے ہیں کہ حضور اقدس ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ عائشہ کی فضیلت تمام عورتوں پر ایسی ہے۔ جیسے ثرید کی فضیلت ہے تمام کھانوں پر۔

【25】

حضورِ اقدس ﷺ کے سالن کا ذکر

ابوہریرہ (رض) فرماتے ہیں کہ انہوں نے آنحضرت ﷺ کو ایک مرتبہ پنیر کا ٹکڑا نوش فرما کر وضو فرماتے دیکھا اور پھر ایک دفعہ دیکھا کہ بکری کا شانہ نوش فرمایا اور وضو نہیں فرمایا۔

【26】

حضورِ اقدس ﷺ کے سالن کا ذکر

حضرت انس (رض) فرماتے ہیں کہ حضور اقدس ﷺ نے حضرت صفیہ (رض) کا ولیمہ کھجور اور ستو سے فرمایا تھا۔

【27】

حضورِ اقدس ﷺ کے سالن کا ذکر

سلمیٰ (رض) کہتی ہیں کہ امام حسن اور عبداللہ بن عباس اور عبداللہ بن جعفر (رض) ان کے پاس تشریف لے گئے اور فرمایا کہ حضور اقدس ﷺ کو جو کھانا پسند تھا اور اس کو رغبت سے نوش فرماتے تھے وہ ہمیں پکا کر کھلاؤ۔ سلمیٰ نے کہا پیارے بچو اب وہ کھانا پسند نہیں آئے گا (وہ تنگی میں ہی پسند ہوتا تھا) انہوں نے فرمایا کہ نہیں ضرور پسند آئے گا وہ اٹھیں اور تھوڑے سے جو لے کر ہانڈی میں ڈالے اور اس پر ذرا سا زیتون کا تیل ڈالا اور کچھ مرچیں اور زیرہ وغیرہ پیس کر ڈالا اور پکا کر رکھا کہ حضور اقدس ﷺ کو یہ پسند تھا۔

【28】

حضورِ اقدس ﷺ کے سالن کا ذکر

جابر بن عبداللہ (رض) کہتے ہیں کہ حضور اقدس ﷺ ہمارے گھر تشریف لائے تو ہم نے حضور اقدس ﷺ کے لئے بکری ذبح کی حضور اقدس ﷺ نے (دلداری کے لئے اظہار مسرت کی طرز پر) فرمایا کہ بظاہر ان لوگوں کو یہ ہے کہ ہمیں گوشت مرغوب ہے امام ترمذی کہتے ہیں کہ اس حدیث میں اور بھی قصہ ہے جس کو مختصر کردیا گیا۔

【29】

حضورِ اقدس ﷺ کے سالن کا ذکر

حضرت جابر (رض) فرماتے ہیں کہ حضور اقدس ﷺ ایک مرتبہ ایک انصار عورت کے مکان پر تشریف لے گئے میں بھی حضور اقدس ﷺ کے ہمراہ تھا انہوں نے حضور اقدس ﷺ کے لئے بکری ذبح کی حضور اقدس ﷺ نے اس میں کچھ تناول فرمایا اس کے بعد کھجور کی چنگیری میں کچھ تازہ کھجوریں لائیں حضور اقدس ﷺ نے اس میں سے بھی تناول فرمایا پھر ظہر کی نماز کے لئے حضور اقدس ﷺ نے وضو کر کے نماز ادا کی، پھر تشریف لانے پر انہوں نے بچا ہوا گوشت سامنے رکھا حضور اقدس ﷺ نے اس کو تناول فرمایا اور عصر کی نماز کے لئے دوبارہ وضو نہیں کیا اس پہلے والے وضو سے نماز ادا فرمائی۔

【30】

حضورِ اقدس ﷺ کے سالن کا ذکر

ام منذر (رض) کہتی ہیں کہ حضور اقدس ﷺ میرے یہاں تشریف لائے۔ ہمارے یہاں کھجور کے خوشے لٹکے ہوئے تھے حضور اقدس ﷺ ان میں سے تناول فرمانے لگے حضرت علی (رض) جو حضور اقدس ﷺ کے ساتھ تھے وہ بھی نوش فرمانے لگے حضور اقدس ﷺ نے ان کا ہاتھ روک دیا کہ تم ابھی بیماری سے اٹھے ہو تم مت کھاؤ وہ رک گئے اور حضور ﷺ تناول فرماتے رہے ام منذر کہتی ہیں کہ پھر میں نے تھوڑے سے جو اور چقندر لے کر پکائے۔ حضور اقدس ﷺ نے حضرت علی (رض) سے فرمایا کہ یہ کھاؤ یہ تمہارے لئے مناسب ہے۔

【31】

حضورِ اقدس ﷺ کے سالن کا ذکر

حضرت عائشہ (رض) فرماتی ہیں کہ حضور اقدس ﷺ میرے پاس تشریف لا کر دریافت فرمایا کرتے تھے کہ کچھ کھانے کو رکھا ہے جب معلوم ہوتا کہ کچھ نہیں تو فرماتے کہ میں نے روزہ کا ارادہ کرلیا ہے ایک مرتبہ حضور اقدس ﷺ تشریف لائے میں نے عرض کیا کہ ہمارے پاس ایک ہدیہ آیا ہوا رکھا ہے حضور ﷺ نے دریافت فرمایا کہ کیا چیز ہے میں نے عرض کیا کہ کھجور کا ملیدہ۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ میں نے روزہ کا ارادہ کر رکھا تھا۔ پھر حضور اقدس ﷺ نے اس میں سے تناول فرمایا۔

【32】

حضورِ اقدس ﷺ کے سالن کا ذکر

یوسف (رض) کہتے ہیں کہ میں نے حضور اقدس ﷺ کو ایک مرتبہ دیکھا کہ حضور اقدس ﷺ نے ایک روٹی کا ٹکڑا لے کر اس پر ایک کھجور رکھی اور فرمایا کہ یہ سالن ہے اور نوش فرمایا۔

【33】

حضورِ اقدس ﷺ کے سالن کا ذکر

حضرت انس (رض) فرماتے ہیں کہ حضور اقدس ﷺ کو ہانڈی اور پیالہ کا بچا ہوا کھانا مرغوب تھا۔