938. ایک انصاری صحابی (رض) کی حدیثیں

【1】

ایک انصاری صحابی (رض) کی حدیثیں

ایک انصاری صحابی (رض) سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ کچھ لوگوں نے نبی کریم ﷺ کے سامنے بنو عبدالمطلب کی ایک باندی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ قیام اللیل اور صائم النہار رہتی ہے نبی کریم ﷺ نے فرمایا لیکن میں تو سوتا بھی ہوں اور نماز بھی پڑھتا ہوں روزہ بھی رکھتا ہوں اور ناغہ بھی کرتا ہوں سو جو شخص میری اقتداء کرے وہ مجھ سے ہے اور جو میری سنت سے اعراض کرے وہ مجھ سے نہیں ہے ہر عمل کی ایک تیزی ہوتی ہے جو کچھ عرصے بعد ختم ہوجاتی ہے سو جس کی تیزی کا اختتام اور انقطاع بدعت کی طرف ہو وہ گمراہ ہوگیا اور جس کی تیزی کا اختتام سنت پر ہوا تو وہ ہدایت پا گیا۔

【2】

ایک انصاری صحابی (رض) کی حدیثیں

عبدالرحمن بن سلمہ خزاعی (رح) اپنے چچا سے نقل کرتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے دس محرم کے دن قبیلہ اسلم کے لوگوں سے فرمایا آج کے دن کا روزہ رکھو وہ کہنے لگے کہ ہم تو کھا پی چکے ہیں نبی کریم ﷺ نے فرمایا بقیہ دن کچھ نہ کھانا پینا۔

【3】

ایک انصاری صحابی (رض) کی حدیثیں

حسناء جو بنو صریم کی ایک خاتون تھیں اپنے چچا سے نقل کرتی ہیں کہ میں نے نبی کریم ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا ہے نبی جنت میں ہوں گے شہید جنت میں ہوں گے نومولود بچے جنت میں ہوں گے اور زندہ درگور کیئے ہوئے بچے بھی جنت میں ہوں گے۔