894. حضرت عقبہ بن مالک (رض) کی حدیث

【1】

حضرت عقبہ بن مالک (رض) کی حدیث

حمید (رح) کہتے ہیں کہ میرے پاس میرے ایک ساتھی کے ساتھ ابو العالیہ (رح) آئے اور کہنے لگے کہ تم دونوں میرے ساتھ بشر بن عاصم کے پاس چلو کہ تم دونوں عمر میں بھی مجھ سے جوان ہو اور حدیث کو یاد رکھنے کی صلاحیت بھی تم میں مجھ سے زیادہ ہے وہاں پہنچ کر ابو العالیہ نے بشر سے کہا کہ آپ ان دونوں کے سامنے اپنی حدیث بیان کیجئے چناچہ بشر نے کہا کہ ہمیں حضرت عقبہ بن مالک (رض) نے یہ حدیث سنائی ہے کہ ایک مرتبہ نبی کریم ﷺ نے لشکر کا ایک دستہ روانہ فرمایا اس نے ایک قوم پر حملہ کیا اس قوم کا ایک آدمی اپنی قوم سے نکلا تو اس دستے کا ایک آدمی اپنی تلوار لہراتا ہوا اس کی طرف لپکا اس شخص نے کہا کہ میں مسلمان ہوں لیکن اس نے اس کی بات پر غور نہیں کیا اور تلوار کا وار کر کے اسے قتل کردیا۔ اس واقعے کی خبر نبی کریم ﷺ تک پہنچی تو نبی کریم ﷺ نے سخت الفاظ میں اس کی مذمت بیان کی جس کی اطلاع قاتل تک بھی پہنچی حضرت عقبہ بن مالک (رض) کہتے ہیں کہ جس وقت نبی کریم ﷺ خطبہ ارشاد فرما رہے تھے تو قاتل نے کہا یا رسول اللہ ! ﷺ اللہ کی قسم ! اس نے یہ کلمہ صرف اپنی جان بچانے کے لئے پڑھا تھا نبی کریم ﷺ نے اس سے اور اس کی جانب بیٹھے ہوئے تمام لوگوں سے منہ موڑ لیا اور برابر تقریر جاری رکھی تین مرتبہ اسی طرح ہوا بالآخر نبی کریم ﷺ اس کی طرف متوجہ ہوئے آپ ﷺ کے روئے انور پر اس وقت غم و غصے کے آثار تھے اور فرمایا اللہ تعالیٰ نے کسی مسلمان کو قتل کرنے والے کے حق میں میری بات ماننے سے بھی انکار کردیا ہے۔