535. حضرت شرید بن سوید ثقفی (رض) کی حدیثیں

【1】

حضرت شرید بن سوید ثقفی (رض) کی حدیثیں

حضرت شرید (رض) سے مروی ہے کہ انہیں ان کی والدہ نے یہ وصیت کی کہ ان کی طرف سے ایک مسلمان غلام آزاد کردیں، انہوں نے نبی ﷺ سے اس کے متعلق پوچھتے ہوئے کہا کہ میرے پاس حبشہ کے ایک علاقے نوبیہ کی ایک باندی ہے، کیا میں اسے آزاد کرسکتا ہوں ؟ نبی ﷺ نے فرمایا اسے لے کر آؤ، میں نے اسے بلایا، وہ آگئی، نبی ﷺ نے اس سے پوچھا تیرا رب کون ہے ؟ اس نے کہا اللہ، نبی ﷺ نے پوچھا میں کون ہوں ؟ اس نے جواب دیا آپ اللہ کے رسول ہیں، نبی ﷺ نے فرمایا اسے آزاد کردو، یہ مسلمان ہے۔

【2】

حضرت شرید بن سوید ثقفی (رض) کی حدیثیں

حضرت شرید (رض) سے مروی ہے کہ جناب رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا مالدار کا ٹال مٹول کرنا اس کی شکایت اور اسے قید کرنے کو حلال کردیتا ہے۔