405. حضرت عقبہ بن مالک (رض) کی حدیثیں

【1】

حضرت عقبہ بن مالک (رض) کی حدیثیں

حضرت عقبہ بن مالک (رض) سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ نبی ﷺ نے لشکر کا ایک دستہ روانہ فرمایا : میں نے اس میں ایک آدمی کو ایک تلوار دی، جب وہ واپس آیا تو کہنے لگا کہ میں نے ملامت کرنے کا ایسا عمدہ انداز نہیں دیکھا جیسا نبی ﷺ نے اختیار کیا اور فرمایا کیا تم اس بات سے بھی عاجز ہوگئے تھے کہ اگر کوئی شخص میرا کام نہیں کرسکا تو تم کسی دوسرے کو مقرر کردیتے جو اس کام کو پورا کردیتا ؟

【2】

حضرت عقبہ بن مالک (رض) کی حدیثیں

حضرت عقبہ بن مالک (رض) سے مروی ہے ایک دن خطبہ ارشاد فرما رہے تھے کہ کسی شخص نے کہا یا رسول اللہ ! اللہ کی قسم اس نے یہ کلمہ صرف اپنی جان بچانے کے لئے پڑھا تھا پھر راوی نے مکمل حدیث ذکر کی اور کہا کہ نبی ﷺ اس کی طرف متوجہ ہوئے، آپ ﷺ کے روئے انور پر اس وقت غم و غصے کے آثار تھے اور تین مرتبہ فرمایا اللہ تعالیٰ نے کسی مسلمان کو قتل کرنے والے کے حق میں میری بات ماننے سے بھی انکار کردیا ہے۔

【3】

حضرت عقبہ بن مالک (رض) کی حدیثیں

حضرت عقبہ بن مالک (رض) سے مروی ہے کہ ایک دن ایک دستے نے صبح کے وقت ایک علاقے کے لوگوں پر حملہ کیا وہ لوگ پانی کے قریب رہتے تھے، ان میں سے ایک آدمی باہر نکلا تو ایک مسلمان نے اس پر حملہ کردیا، وہ کہنے لگا کہ میں تو مسلمان ہوں، لیکن اس کے باوجود اس نے اسے قتل کردیا، واپسی پر جب انہوں نے نبی ﷺ کو اس کے متعلق بتایا تو نبی صلی اللہ خطبہ دینے کے لئے کھڑے ہوئے اور اللہ کی حمدوثناء کی اور اما بعد کہہ کر فرمایا یہ کیا بات ہے کہ ایک مسلمان دوسرے آدمی کو اسلام کا اقرار کرنے کے باوجود قتل کردیتا ہے ؟ اس شخص نے کہا یا رسول اللہ ! اس نے یہ کلمہ صرف اپنی جان بچانے کے لئے پڑھا تھا، نبی ﷺ نے اس کی طرف سے منہ پھیرلیا اور دائیں ہاتھ کو بلند کر کے تین مرتبہ فرمایا اللہ تعالیٰ نے کسی مسلمان کو قتل کرنے والے کے حق میں میری بات ماننے سے بھی انکار کردیا ہے۔