260. حضرت زینب زوجہ عبداللہ بن مسعود کی حدیثیں۔

【1】

حضرت زینب زوجہ عبداللہ بن مسعود کی حدیثیں۔

حضرت زینب سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ نبی ﷺ نے ارشاد فرمایا صدقہ خیرات کیا کرو اگرچہ اپنے زیوارت ہی سے کرو وہ کہتی ہیں کہ میرے شوہر عبداللہ بن مسعود ہلکے ہاتھ والے مالی طور پر کمزور تھے میں نے ان سے کہا کہ کیا یہ ممکن ہے کہ میں تم پر اور اپنے یتیم بھتیجوں پر صدقہ کردیا کروں انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ سے پوچھ لو چناچہ میں نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئی تو نبی ﷺ کے گھر کے دروازے پر ایک اور انصاری عورت جس کا نام بھی زینب ہی تھا نبی ﷺ سے یہی مسئلہ پوچھنے کے لئے آئی ہوئی تھی۔ حضرت بلال باہر آئے تو ہم نے ان سے کہا کہ نبی ﷺ سے یہ مسئلہ پوچھ کر آؤ اور یہ نہ بتانا کہ ہم کون ہیں چناچہ وہ نبی ﷺ کے پاس چلے گئے نبی ﷺ نے پوچھا وہ دونوں کون ہیں انہوں نے بتادیا کہ دونوں کا نام زینب ہے نبی ﷺ نے پوچھا کون سی زینب انہوں نے بتایا کہ ایک تو عبداللہ بن مسعود کی بیوی اور دوسری زینب انصاریہ ہے نبی ﷺ نے فرمایا ہاں دونوں کو اجرملے گا اور دوہرا اجر ملے گا ایک اجر قرابت داری کا اور ایک صدقہ کرنے کا۔ گذشتہ حدیث اس دوسری سند سے بھی مروی ہے۔