229. حضرت حارث بن عمرو کی حدیث۔

【1】

حضرت حارث بن عمرو کی حدیث۔

حضرت حارث بن عمرو سے مروی ہے کہ حجۃ الوداع کے موقع پر نبی ﷺ سے ملاقات ہوئی تو میں نے عرض کیا یا رسول اللہ میرے باپ آپ پر قربان ہوں میرے لئے بخشش کی دعا فرمادیجیے نبی ﷺ نے فرمایا اللہ تم سب کی بخشش فرمائے اس وقت نبی ﷺ عضباء نامی اونٹنی پر سوار تھے میں گھوم کر دوسری جانب آیا اس امید پر کہ شاید نبی ﷺ خصوصیت کے ساتھ میرے لئے دعا فرمائیں اور دوبارہ عرض کیا کہ میرے لئے بخشش کی دعا فرما دیجیے نبی ﷺ نے پھر یہی فرمایا کہ اللہ تم سب کی بخشش فرمائے۔ اسی دوران ایک آدمی نے پوچھا یا رسول اللہ جانور کا پہلا بچہ ذبح کرنے یارجب کے مہینے میں قربانی کرنے کا کیا حکم ہے نبی ﷺ نے فرمایا جو جانور کا پہلابچہ ذبح کرنا چاہے وہ کرلے اور جو نہ چاہے وہ نہ کرے اسی طرح جو شخص ماہ رجب میں قربانی کرنا چاہے کرلے اور جو نہ چاہے وہ نہ کرے البتہ بکری میں بھی قربانی ہوتی ہے پھر فرمایا کہ یاد رکھو تمہاری جان مال ایک دوسرے کے لئے اسی طرح قابل احترام ہیں جیسے اس شہر میں اس دن کی حرمت ہے۔