1121. ایک انصاری خاتون صحابیہ کی حدیثیں

【1】

ایک انصاری خاتون صحابیہ کی حدیثیں

حسن بن محمد کہتے کہ مجھے انصار کی ایک عورت نے بتایا ہے " وہ اب بھی زندہ ہیں، اگر تم چاہو تو ان سے پوچھ سکتے ہو اور میں تمہیں ان کے پاس لے چلتا ہوں " راوی نے کہا نہیں، آپ خود ہی بیان کر دیجے " کہ میں ایک مرتبہ حضرت ام سلمہ کے پاس تھی اسی دوران نبی بھی ان کے یہاں تشریف لے آئے اور یوں محسوس ہو رہا تھا کہ نبی غصے میں ہیں، میں نے اپنی قمیص کی آستین سے پردہ کرلیا، نبی نے کوئی بات کی جو مجھے سمجھ نہیں آئی، میں نے حضرت ام سلمہ (رض) سے کہا کہ ام المومنین ! میں دیکھ رہی ہوں کہ نبی غصے کی حالت میں تشریف لائے ہیں ؟ انہوں نے فرمایا ہاں ! کیا تم نے ان کی بات سنی ہے ؟ میں نے پوچھا کہ انہوں نے کیا فرمایا ہے ؟ انہوں نے بتایا کہ نبی نے فرمایا ہے جب زمین میں شر پھیل جائے گا تو اسے روکا نہ جاسکے گا اور پھر اللہ اہل زمین پر اپنا عذ اب بھیج دے گا، میں نے عرض کیا یا رسول اللہ ! اس میں نیک لوگ بھی شامل ہوں گے ؟ نبی نے فرمایا ہاں ! اس میں نیک لوگ بھی شامل ہوں گے اور ان پر بھی وہی آفت آئے گی جو عام لوگوں پر آئے گی، پھر اللہ تعالیٰ انہیں کھینچ کر اپنی مغفرت اور خوشنودی کی طرف لے جائے گا۔