16. اعتکاف کا بیان

【1】

رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں اعتکاف کے بیان میں

محمد بن مہران رازی، حاتم بن اسماعیل، موسیٰ بن عقبہ، نافع، حضرت ابن عمر (رض) سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ رمضان کے آخری عشرہ میں اعتکاف فرمایا کرتے تھے۔

【2】

رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں اعتکاف کے بیان میں

ابوطاہر، ابن وہب، یونس بن یزید، حضرت ابن عمر (رض) سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ رمضان کے آخری عشرہ میں اعتکاف فرمایا کرتے تھے حضرت نافع کہتے ہیں کہ حضرت عبداللہ (رض) نے مجھے مسجد کی وہ جگہ دکھائی جس میں رسول اللہ ﷺ اعتکاف فرمایا کرتے تھے۔

【3】

رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں اعتکاف کے بیان میں

سہل بن عثمان، عقبہ بن خالد سکونی، عبیداللہ بن عمر، عبدالرحمن بن قاسم، سیدہ عائشہ صدیقہ (رض) فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ رمضان کے آخری عشرہ میں اعتکاف فرمایا کرتے تھے۔

【4】

رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں اعتکاف کے بیان میں

یحییٰ بن یحیی، ابومعاویہ، سہل بن عثمان، حفص بن غیاث، ہشام، ابوبکر بن ابی شیبہ، ابوکریب، ابن نمیر، ہشام بن عروہ، سیدہ عائشہ صدیقہ (رض) فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ رمضان کے آخری عشرہ میں اعتکاف فرمایا کرتے تھے۔

【5】

رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں اعتکاف کے بیان میں

قتیبہ بن سعید، لیث، عقیل، زہری، عروہ، سیدہ عائشہ صدیقہ (رض) سے روایت ہے کہ نبی ﷺ رمضان کے آخری عشرہ میں اعتکاف فرمایا کرتے تھے یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کو وفات دے دی پھر آپ ﷺ کے بعد آپ ﷺ کی ازواج مطہرات (رض) اعتکاف فرمایا کرتی تھیں۔

【6】

اس بات کے بیان میں کہ جس کا اعتکاف کا ارادہ ہو تو وہ اپنی اعتکاف والی جگہ میں کب داخل ہو۔

یحییٰ بن یحیی، ابومعاویہ، یحییٰ بن سعید، عمرہ، سیدہ عائشہ صدیقہ (رض) سے روایت ہے فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کا جب اعتکاف کا ارادہ ہوتا تو صبح کی نماز پڑھتے پھر آپ ﷺ اعتکاف والی جگہ میں تشریف لے جاتے اور یہ کہ آپ ﷺ نے ایک مرتبہ خیمہ لگانے کا حکم فرمایا تو خیمہ لگا دیا گیا آپ ﷺ نے رمضان کے آخری عشرہ میں اعتکاف کا ارادہ فرمایا حضرت زینب (رض) نے اپنے لئے خیمہ کا حکم دیا تو ان کے لئے بھی خیمہ لگا دیا گیا اور ان کے علاوہ دوسری ازواج مطہرات (رض) نے بھی خیمے لگانے کا حکم فرمایا تو ان کے لئے بھی خیمے لگا دئیے گئے تو جب رسول اللہ ﷺ نے فجر کی نماز پڑھی اور جب آپ ﷺ نے خیموں کو لگے دیکھا تو آپ ﷺ نے فرمایا کیا یہ نیکی کا ارادہ کرتی ہیں ؟ پھر آپ ﷺ نے اپنا خیمہ کھولنے کا حکم فرمایا تو وہ کھول دیا گیا اور رمضان کے مہینے میں اعتکاف چھوڑ دیا یہاں تک کہ شوال کے ابتدائی عشرہ میں اعتکاف فرمایا۔

【7】

اس بات کے بیان میں کہ جس کا اعتکاف کا ارادہ ہو تو وہ اپنی اعتکاف والی جگہ میں کب داخل ہو۔

ابن ابی عمر، سفیان، عمرو بن سواد، ابن وہب، عمرو بن حارث، محمد بن رافع، ابواحمد، سفیان، سلمہ بن شبیب، ابومغیرہ، اوزاعی، زہیر بن حرب، یعقوب بن ابراہیم بن سعد، ابن اسحاق، یحییٰ بن سعید، عمرہ، سیدہ عائشہ صدیقہ (رض) نے نبی ﷺ سے اسی طرح حدیث روایت کی اور ایک روایت میں ہے کہ حضرت عائشہ اور حضرت حفصہ (رض) اور حضرت زینب (رض) کے لئے خیمے لگائے گئے تاکہ یہ اعتکاف کریں۔

【8】

رمضان کے آخری عشرہ میں اللہ عزوجل کی عبادت میں اور زیادہ جد وجہد کرنے کے بیان میں

اسحاق بن ابراہیم حنظلی، ابن ابی عمر، ابن عیینہ، اسحاق، سفیان بن عیینہ، ابی یعفور، مسلم بن صبیح، مسروق، سیدہ عائشہ صدیقہ (رض) سے روایت ہے فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ جب آخری عشرہ میں داخل ہوتے تھے تو آپ ﷺ رات کو جاگتے تھے اور اپنے گھر والوں کو بھی جگاتے اور عبادت میں خوب کوشش کرتے اور تہبند مضبوط باندھ لیتے۔

【9】

رمضان کے آخری عشرہ میں اللہ عزوجل کی عبادت میں اور زیادہ جد وجہد کرنے کے بیان میں

قتیبہ بن سعید، ابوکامل جحدری، عبدالواحد بن زیاد، قتیبہ، عبدالواحد، حسن بن عبیداللہ، ابراہیم، اسود بن یزید، سیدہ عائشہ صدیقہ (رض) فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ رمضان کے آخری عشرہ میں اتنی ریاضت کرتے تھے کہ اس کے علاوہ اور دنوں میں اتنی ریاضت نہیں کرتے تھے

【10】

عشرہ ذی الحجہ کے روزوں کے حکم کے بیان میں

ابوبکر بن ابی شیبہ، ابوکریب، اسحاق، ابومعاویہ، اعمش، ابراہیم، اسود، سیدہ عائشہ صدیقہ (رض) سے روایت ہے فرماتی ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو ماہ ذی الحجہ کے عشرہ میں کبھی روزہ رکھتے ہوئے نہیں دیکھا۔

【11】

عشرہ ذی الحجہ کے روزوں کے حکم کے بیان میں

ابوبکر بن نافع عبدی، عبدالرحمن، سفیان، اعمش، ابراہیم، اسود، سیدہ عائشہ صدیقہ (رض) سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے ذی الحجہ کے عشرہ میں روزہ نہیں رکھا۔